کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جدوجہد ایک مشترکہ جدوجہد ہے،غلام محمد صفی

کراچی :کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جدوجہد ایک مشترکہ جدوجہد ہے، کیونکہ دونوں اقوام گزشتہ کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے، ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غلام ۔حمد صفی نے کراچی میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر میں تنظیم کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا کہ فلسطینی عوام کی بے مثال استقامت، قربانیوں اور مزاحمت نے کشمیری عوام کو اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مزید حوصلہ اور عزم عطا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں طاقت کے بل پر کشمیری عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن آزادی کی تحریک کو نہ تو فوجی طاقت سے ختم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ظلم و جبر سے دبایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہری آبادی پر حملوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور بنیادی انسانی آزادیوں کی پامالی کا فوری نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن گزشتہ کئی برسوں سے مسئلہ فلسطین کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں مظلوم اقوام کی آواز ہر فورم پر بلند کی جاتی رہے گی۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیاگیا کہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جدوجہد کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے، نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنے، ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مشترکہ مہم چلانے اور مختلف عوامی و علمی پروگراموں کے انعقاد کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کا اصولی موقف عوام کے حوصلوں کو مہمیز بخشنے کا ذریعہ ہے۔
اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے تمام سیاسی، مذہبی، سماجی، طلبہ، وکلاء، تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 8 جولائی بروز بدھ،کوکراچی میں آرٹس کونسل سے پریس کلب تک منعقد ہونے والی شہید برہان وانی شہداء کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کریں تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار کیا جا سکے اور عالمی برادری تک یہ واضح پیغام پہنچایا جا سکے کہ پاکستان کا عوام کشمیر کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے ساتھ کھڑا ہے۔ ملاقات میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ،قاسم رضا، حیدر زیدی، مختار رضا اور جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ شریک تھے، جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد میں شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی بھی شامل تھے۔








