شہدائے 13 جولائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پیر کو مظفرآباد میں جلسہ عام اور ریلی ہوگی

مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے 13 جولائی 1931 کے شہداءاوردیگر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پیر کے روز شام 5بجے اپراڈہ مظفرآباد میں ایک عظیم الشان جلسہ عام اور ریلی نکالنے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ بات کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، حریت رہنما شیخ محمد یعقوب، جموں و کشمیر لبریشن سیل کے سجاد احمد، مہاجرین نمائندہ فورم کے غلام حسن بٹ ، مظفرآباد پریس کلب کے صدر شہزاد لولابی اور مظفرآباد کے میئر سید سکندر گیلانی بھی موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ 13 جولائی 1931 تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ کا وہ سنہری باب ہے جس نے کشمیری عوام میں آزادی، عزت اور حقِ خودارادیت کے جذبے کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ آمریت کے خلاف اذانِ ظہر کے دوران پیش آنے والا یہ المناک سانحہ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کا نقطہ آغاز ثابت ہوا اوراذان دیتے ہوئے 22 شہداءکی لازوال قربانیوں نے تحریکِ آزادی کو نئی زندگی عطا کی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام انہی شہداءکے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ بھارتی حکومت طاقت، جبر، فوجی محاصرے، سیاسی گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی پالیسیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، مگر کشمیری عوام نے ہر دور میں ثابت کیا کہ وہ اپنی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔رہنماو¿ں نے کہا کہ 13 جولائی کے شہداءصرف کشمیری قوم ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے آزادی پسند انسانوں کے لیے جرات، استقامت اور قربانی کی علامت ہیں۔ ان کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور بااثر عالمی قوتیں مسئلہ جموں و کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا مو¿ثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے پاکستان کی حکومت، سیاسی و مذہبی جماعتوں، میڈیا، وکلائ، طلبائ، نوجوانوں، سول سوسائٹی، تاجروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 13 جولائی کے جلسہ عام اور ریلی میں بھرپور شرکت کر کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کریں، کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کریں اور دنیا کو یہ واضح پیغام دیں کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے اور اس کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدائے 13 جولائی 1931 کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام اپنی جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔







