مظفر آباد: حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی یاد گار شہداء پر حاضر
مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ایک وفد نے آج ”یوم فتح ” پر مظفر آباد میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداِ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وفد کی قیادت جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے کی جبکہ اس میں راجہ خادم حسین شاہین، شیخ عبدالماجد، زاہد اشرف، مشتاق السلام اور عبدالمجید میر شامل تھے۔ انہوں نے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور آزادی کشمیر کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔پرویز احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں پاکستانی قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی خدمات، جرآت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور دفاعِ وطن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں جو قابلِ صد افتخار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کی بدولت تحریکِ آزادی کشمیر اپنی منزل کی جانب گامزن ہے اور کشمیری عوام اپنے شہدا کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھیںگے۔اس موقع پر یادگارِ شہدا پر مشعل بردار تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔جس میں شرکا نے ہم ہیں بنیانِ مرصوص، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف لگائے۔ تقریب میں معروف اینکر نائلہ کیانی، کشمیر انٹرنیشنل کمیونٹی کے حاجی احسان دانش اور سمینہ ناز گل پر موجود تھے۔







