یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو یادداشت پیش

مظفرآباد:یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ساتھ مل کر مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کے دفتر تک مارچ کیا او رفوجی مبصرین کوایک یادداشت پیش کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مارچ کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، سیکرٹری کشمیر کاز سید شاہد محی الدین اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ترجمان شوکت جاوید میر نے کی۔شرکاءنے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو ایک یادداشت پیش کی جس میں اقوام متحدہ کی توجہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائی گئی۔یادداشت میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل پرویز احمد شاہ، ڈاکٹر راجہ سجاد خان، سردار ساجد محمود، چوہدری شاہین اقبال، شیخ یعقوب، منظور شاہ، زاہد اشرف، سید گلشن احمد، مجید میر، مشتاق الاسلام اور دیگر مقررین نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے اس مطالبے کو دہرایا کہ تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیاجائے۔
دریں اثناءجموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے اعلان کیا ہے کہ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 13 جولائی کو شام 5 بجے لال چوک مظفرآباد میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔







