بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے: حریت کانفرنس

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاجواز گرفتاریاں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، گھروں پر چھاپے، نوجوانوں اور صحافیوں کی پولیس اسٹیشنوں میں طلبی روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کی تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور بھارتی فوجی اسٹیبلشمنٹ ریاستی دہشت گردی اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔حریت ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بھارتی حکومت دونوں جموں و کشمیر کو ایک سیاسی تنازع تسلیم کر چکے ہیں، جس کا حل عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیرکوبھارت، پاکستان اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے منصفانہ اور پائیدارطورپر حل کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔





