گورنر گلگت بلتستان سے حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات
19جولائی کو یومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات پر تبادلہ خیال
گلگت: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلی سطح وفد نے گلگت میںگورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے گورنر ہائوس گلگت میں ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی مظالم، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور 19جولائی کویومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حریت کانفرنس کے وفد میں جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، شیخ عبدالماجد، زاہد صفی اور زاہد اشرف شامل تھے۔وفد نے گورنر گلگت بلتستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔اس موقع پر گورنر سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ اپنی تاریخی، مذہبی اور قومی وابستگی پر فخر کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کشمیریوں کی جائز جدوجہدِ آزادی میں انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو موثر طورپراجاگر کرنے اور 19جولائی یومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








