مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آن لائن اظہار رائے پر کنٹرول مزید سخت کر دیا

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے ایک نیا ادارہ ” سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر “قائم کیا ہے تاکہ متنازعہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کو مزید دبایا جاسکے اور آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کو مزید سخت کیا جاسکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے براہ راست کنٹرول میں رکھا گیا ہے اور یہ وزارت داخلہ کے تحت انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ یہ ادارہ مقبوضہ علاقے میں سائبر کرائم کی روک تھام، نگرانی اور تفتیش کی نگرانی کرے گا۔ سائبر کرائم سے متعلقہ معاملات کو کرائم ونگ سے الگ کر کے اسی سینٹر کے تحت رکھا گیا ہے۔ حکام نے دو زونل سائبر کرائم انویسٹی گیشن سینٹرز آف ایکسیلنس اور ڈسٹرکٹ سائبر پولیس اسٹیشنز کو بھی نئے ادارے میں ضم کر دیا ہے جس سے پورے علاقے میں ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ایک مرکزی طریقہ کار بنایا گیا ہے۔قابض حکام نے سینٹرکے آپریشنل فریم ورک کی منظوری دی ہے اور پولیس ہیڈ کوارٹرز کو مستقل تقرریوں تک فوری طور پر اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ادارے کو بلاتاخیر فعال کیا جائے۔
سیاسی مبصرین اور شہری حقوق کے کارکنوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سائبر کرائم سے نمٹنے کے بجائے مقبوضہ علاقے میں نئی دہلی کے نگرانی کے آلات کو وسعت دینا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت بھارتی قبضے کے خلاف بولنے والے صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں، سیاسی کارکنوں اور عام کشمیریوں کو خاموش کرانے کے لیے ڈیجیٹل نگرانی، انٹرنیٹ کی پابندیوں، سوشل میڈیا کی نگرانی اور سائبر قوانین پر انحصار کررہی ہے ۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں کئی سالوں کی انٹرنیٹ بندش، سوشل میڈیا سنسرشپ، آن لائن پوسٹس پر گرفتاریوں اور آن لائن اظہار پرمجرمانہ کارروائیوں کے بعداب ایک نیا ادارے قائم کیاگیاہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نیا ادارہ سائبر سیکیورٹی کی آڑ میں آزادی اظہار پر پابندیوں کو مزید ادارہ جاتی بنا ئے گا۔انسانی حقوق کے گروپوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سکڑتی ہوئی شہری اور ڈیجیٹل آزادیوں پر گہری نظر رکھے اور آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button