APHC-AJK

وزیراعلی گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی دفتر کا دورہ

اسلام آباد: وزیراعلی گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنمائوں سے تفصیلی ملاقات کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں مسئلہ جموں و کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے کشمیری عوام کی گرفتاریوں، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی نظربندی، اظہارِ رائے کی آزادی اور ذرائع ابلاغ پر عائد پابندیوں اور دیگر جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی.
شرکا نے کہاکہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ اقدامات، بالخصوص ڈومیسائل اور اراضی سے متعلق پالیسیوں نے جموں و کشمیر کی آبادیاتی ساخت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر قانونی بھارتی اقدامات نہ تو مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کو کوئی نقصان پہنچان سکتیہیں۔وزیراعلی گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر محض ایک علاقائی یا سرحدی تنازع نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کروڑوں عوام کے سیاسی مستقبل، بنیادی انسانی حقوق اور حقِ خودارادیت سے وابستہ ایک دیرینہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پرامن اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل پر ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کی طویل جدوجہد، لازوال قربانیوں اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آواز کو طاقت، جبر اور سیاسی دبا کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔

کنوینر غلام محمد صفی نے وزیراعلی گلگت بلتستان کے دور ے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کشمیریوں کے لیے حوصلے، اعتماد اور تقویت کا باعث ہے۔شرکا نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ملاقات میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، مشتاق احمد بٹ، جاوید اقبال بٹ، حاجی سلطان بٹ،محمد اشرف ڈار، میاں مظفر اور سید گلشن احمد بھی شریک تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button