ممبئی : کارکروچ جنتا پارٹی کے حق میں احتجاج پر پولیس کا کریک ڈائون
مظاہرے میں شریک 400افراد کے خلاف مقدمات درج
ممبئی:
بھارت میں ممبئی پولیس نے کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں جاری طلبہ کے پرامن احتجاج کے شرکا کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ پانچ روز کے دوران تقریبا 400افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 18سے 22جولائی کے دوران شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مجموعی طور پر 13ایف آئی آرز درج کی گئیں، جن میں غیر قانونی اجتماع، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی اور راستہ روکنے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ شیواجی پارک، چیتیہ بھومی، چیمبور اور شیو سینا بھون سمیت شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کی اجازت کے بغیر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔19جولائی کو شیو سینا )یو بی ٹی(کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے شیواجی پارک میں منعقدہ ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیاتھا۔ یہ مظاہرہ نئی دہلی میں جنتر منتر کے مقام پر بھوک ہڑتال کرنے والے سماجی کارکن سونم وانگچک کو صفدر جنگ ہسپتال منتقل کیے جانے کے خلاف کیا گیا تھا۔پیر کے روز دادر کے علاقے چیتیہ بھومی میں ہونے والے احتجاج کے شرکا کیخلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔بدھ کے روز ممبئی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورکارکروچ جنتا پارٹی کے حامیوں نے مقابلے کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ چیمبور میں امبیڈکر گارڈن میں سینکڑوں مظاہرین سخت پولیس نفری کی موجودگی میں جمع ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق متعدد مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیاجبکہ بعض افراد کو گھسیٹ کر پولیس گاڑیوں میں بٹھایا گیا اور بعد ازاں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ مظاہرین نے تعلیمی نظام میں اصلاحات، امتحانی بے ضابطگیوں کے خاتمے اور مبینہ پرچہ لیک کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
ادھر دادر میں شیو سینا بھون کے باہر بھی طلبہ نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف شدیدنعرے بازی کی۔







