پاکستان سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والا ملزم گرفتار، تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں: عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی ایجنسی سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والا ملزم گرفتار کیا گیا ہے جس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اداروںنے کچھ عرصہ قبل ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروس والے ایک شخص کو گرفتارکیا، اس شخص کی جانب سے فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سروسز کے تانے بانے انڈیا سے ملتے تھے، گرفتار شخص سے تحقیقات جاری ہیں، سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے ملک مخالف مہم چلائی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کے لئے ادائیگیاں انڈیا سے ہورہی تھیں، گرفتار شخص سے تحقیقات کی گئیں تو تمام معلومات تک رسائی حاصل کی گئی، مس انفارمیشن کانیٹ ورک چلایاجارہا تھا جس کا تعلق بھارت سے ہے، دوران تفتیش اس نے بتایا کہ اسے ملنے والا مواد آزادکشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حوالے سے تھا۔انہوں نے کہا کہ بے شمار بھارتی سوشل میڈیا اکاونٹس ثبوتوں کے ساتھ سامنے آئے ہیں، ہر پوسٹ میں عوام کو ریاست کے خلاف اکسایا جارہا تھا، ایسی ناکام کوشش کی گئی جس سے آزاد جموںو کشمیر میں افراتفری پھیلے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مواد کا زیادہ ترحصہ آزاد کشمیر کی کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے ہے، جھتہ بندی اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بڑھاوا دیا جارہا تھا، کالعدم جماعت کی طرف سے انتخابات کا بائیکاٹ اسکے بھارت نواز ہونے کا ثبوت ہے، شر پسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے ثبوت سب کے سامنے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کشمیر کاز اور کشمیرکے عوام کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں، اگر یہ کشمیر کاز سے اتنے ہی مخلص ہیں تو یہ الیکشن کیوں نہیں لڑتے۔انہوں نے کہاکہ ان عناصر نے اسلحہ اور ڈنڈے کے زور پر ایک تحریک شروع کرنے کی کوشش کی، انہوں نے پرتشدد احتجاج سے کشمیری پولیس کے جوانوں کو شہید کیا، انہوں نے کشمیر کے اندر تشدد کی سیاست کی، امن و امان کی صورتحال پیدا کی، اس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ شرپسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے ثبوت سب کے سامنے ہیں، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ ثابت ہو چکا ہے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کر کے پرانی ویڈیوز کو کشمیر سے جوڑا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی انتھک محنت سے دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا، پاکستان ترقی کا سفر جاری رکھے گا.





