بھارتی حکومت کے دوہرے معیارسے کشمیری نوجوان کا احساس محرومی مزید بڑھ رہا ہے، وحید پرہ
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی وحید پرہ نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں ایک پولس اہلکار کی ہلاکت کے بعد بھارتی فوسز کی طرف سے علاقے میں جاری کریک ڈاﺅن اور ہزاروں نوجوانوں کی گرفتاری پر بھارتی حکومت کو آڑ ے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاہے کہ دلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلباکے ساتھ جو ہمدردی ظاہر کی گئی ہے ایسی ہمدردی کشمیری نوجوانوں کیساتھ کہیں نظر نہیں آرہی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وحید پرہ نے”ایکس “ پر لکھا کہ گزشتہ چند دنوں میں تقریباً ڈھائی ہزار کشمیری نوجوانوں کو اٹھایا گیا ہے جبکہ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف بنائے گئے مقدمات بھی واپس لیے گئے ہیں ،لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ اس طرح کی ہمدردی کا مظاہرہ کیوں نہیں کیا جا رہا؟۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دوہرے معیار سے وادی کے نوجوانوں کو مزید دور کیا جا رہا ہے اور انکے اندر احساس محرومی بڑھتا ہے۔








