منی پور : ضلع کانگ پوکپی میں 2 کوکی عیسائی نوجوانوں کے اغوا پر ہڑتال
امپھال: شورش زدہ ریاست منی پور میں کشیدگی میں اضافے اور تشدد و اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان دو کوکی(عیسائی) نوجوانوں کے اغوا پر ریاست کے ضلع کانگ پوکپی میں 48 گھنٹے کی مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، کوکی-زو سول سوسائٹی کی تنظیم ‘کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی’نے ضلع کانگ پوکپی میں 29 اکتوبر کی شام 5 بجے سے 31 اکتوبر کی شام 5 بجے تک مکمل شٹ ڈان کی اپیل کی ہے اور ان دونوں نوجوانوں کی غیر مشروط اور محفوظ رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اغوا ہونے والوں میں 21 سالہ ٹنگنلون چونگلوئی اور 20 سالہ پاگینلال ہینگسنگ شامل ہیں، جن کا تعلق ‘ٹافو کوکیگاں سے ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے ناگا عسکریت پسندوں نے انہیں 28 اکتوبر کو اس وقت اغوا کر لیا جب وہ ہینگبنگ اور ٹافو کوکی گاں کے درمیان سفر کر رہے تھے۔
تنظیم نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اغوا کیے گئے نوجوانوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے ۔ ہڑتال کے دوران ضلع کانگ پوکپی میں دکانیں، بازار، ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر بند ہیں، جبکہ طبی خدمات اور میڈیا اداروں کو اس سے مستثنی رکھا گیا ہے۔
‘کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی کا کہنا ہے ‘ ریاستی حکومت اور فورسز،کوکی-زو برادری سے متعلق سکیورٹی واقعات میں امتیازی رویہ اپنا رہی ہیں اور جب غیر کوکی گروہوں سے متعلق کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو فوری طور پر ریسکیو اور تلاش کی کارروائیاں شروع کی جاتی ہیں۔
تنظیم نے اس امتیازی سلوک کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال سکیورٹی اقدامات کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے اور اس سے تشدد کے ذمہ دار عناصر کی حوصلہ افزائی ہو سکتی ہے۔
تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر دونوں نوجوانوں کو بحفاظت اور صحیح سلامت رہا نہیں کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے








