بھارتی یوم آزادی سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیر میں سخت پابندیاں عائد

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی سے قبل سخت پابندیاں عائد کر دیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منگل کو جموں میں ڈویژنل کمشنر رمیش کمار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین ٹوٹی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، جے ایم سی کمشنر اور محکمہ تعلیم، بجلی، ٹریفک اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔حکام نے ایم اے اسٹیڈیم جموں جہاں مرکزی تقریب منعقد ہوگی اور دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز پر انتظامات کا جائزہ لیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ ایم اے اسٹیڈیم اور گردونواح میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ ڈویڑنل کمشنر نے تمام محکموں کو تفویض کردہ کاموں کو بروقت مکمل کرنے اور قریبی تال میل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ پورے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نگرانی بڑھادی گئی ہے،بھارتی فورسز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی ہے اورلوگوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کے لئے جگہ جگہ ناکے اوررکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔








