کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پرتبادلہ خیال

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین سیاسی، انسانی حقوق اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی جبر، فوجی محاصروں، بلاجواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پورے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں پر چھاپے، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں، املاک کی مسماری اور نوجوانوں کو ہراساں کرنا معمول بن چکا ہے، لیکن کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔اجلاس کے شرکاءنے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔اجلاس کے اختتام پر شہدائے کشمیر، بھارتی جیلوں میں نظر کشمیری حریت رہنماوں اور کارکنوں کی جلد رہائی، تحریکِ آزادی کشمیر کی کامیابی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ حریت رہنماﺅںمحمود احمد ساغر ، ایڈوکیٹ پرویز احمد ، میر طاہر مسعود ، شمیم شال ،شیخ عبد المتین ، شیخ محمد یعقوب،انجینئر مشتاق محمود، جاوید اقبال بٹ، نثار مرزا، سید اعجاز رحمانی ،،داﺅد خان، زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ ، ،حاجی سلطان بٹ، میاں مظفر،محمد اشرف ڈار ،سید گلشن احمد،منظور احمد ڈار، شیخ عبد الماجد، عبدالمجید لون، عدیل مشتاق ، زاہد مجتبی اور امتیاز وانی نے بھی شرکت کی۔








