سرینگر: ہائیکورٹ نے 3کشمیریوں کی کالے قانون کے تحت نظر بندی کالعدم قراردیدی

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہائیکورٹ نے 3کشمیریوں کی کالے قانون”پبلک سیفٹی ایکٹ“کے تحت نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو انکی رہائی کے احکامات دیے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جسٹس سنجے دھر پر مشتمل ہائیکورٹ کے یک رکنی بنچ نے سری نگر کے عزیر امین جان اور بارہمولہ کے عارف احمد ملہ پر لاگو کالا قانون” پی ایس اے“ کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جن بنیادوں پر حراست میں رکھا گیا وہ مبہم اور غیر واضح ہیں۔
جسٹس موکش کاظمی پر مشتمل ہائیکورٹ کے ایک اور بنچ نے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے اویس مشتاق گنائی پر لاگو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قرار دیا۔ عدالت نے بھارتی انتظامیہ کو ان تینوں کو فوری طور پر رہا کرنے کے احکامات دیے ۔
یاد رہے کہ بھارت نے حریت رہنماﺅں ، کارکنوں ، وکلا، طلباء، صحافیوں ، علماءسمیت چار ہزار کے لگ بھگ کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں سلاخوں کے پیچھے ڈال رکھا ہے۔







