برسلز میں یوم استحصال کشمیرکے سلسلے میں تصویری نمائش کا انعقاد

برسلز : برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں جو ہر سال 5 اگست کو منایا جاتا ہے، ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نمائش کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنا اور کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ نمائش میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کو درپیش مشکلات خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بعد جاری انسانی بحران اورسخت پابندیوں کواجاگرکیا گیا ہے،۔ تصاویر اور دستاویزی مواد کے ذریعے لوگوں کو مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال کشمیرجموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔سفیر نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔تصویری نمائش برسلز میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک ہفتے تک جاری رہے گی جو کشمیری عوام کی استقامت اور حق خودارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار ہے۔





