کل جماعتی حریت کانفرنس کی 5 اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست ”یوم استحصال کشمیر“کو یوم سیاہ کے طورپرمنائیں تاکہ دنیا کو یہ مضبوط پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کشمیری عوام اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے اپنا جائز حق حاصل نہیں کرتے اور بھارتی جبر انہیں اپنے مقدس مقصد کے حصول سے نہیں روک سکتا۔ بی جے پی کی ہندوتواحکومت نے 5 اگست 2019 کو تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیر یوں کے تمام سیاسی، سماجی اورمذہبی حقوق کو سلب کرلیا تھا اورعلاقے کو ایک بڑی کھلی جیل میں تبدیل کردیاتھا۔ حریت ترجمان نے کہا کہ 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات جموں و کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت اور آبادی پر حملہ ہے۔ انہوںنے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی جارحیت، ناانصافی اور مظالم کے خلاف منگل کو احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرائیں۔
دیگر حریت رہنماﺅں اورتنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے اپنے بیانات میں5 اگست کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے اورعلاقے کے لوگوں کو دبانے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرکے جموں و کشمیر میں جاری خونریزی کو روکے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سمیت مختلف جیلوں میں نظربند حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، ایاز اکبر، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم ، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، مشتاق الاسلام اور دیگر کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہارکیاہے۔ حریت ترجمان نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ترمشکلات کے باجودوہ ہرقیمت پر اپنی جائز جدوجہد جاری رکھیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دورنہیں جب کشمیری اپنے مادر وطن کو بھارتی چنگل سے آزاد ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔





