مقبوضہ جموں و کشمیر

سکھ تنظیموں کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت فوری بحال کرنے کا مطالبہ

جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکی مختلف سکھ تنظیموں نے جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنے وعدے پورے کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ مطالبہ جموں میں بھائی کنہیا نشکام سیوا سوسائٹی کے سربراہ موہندر سنگھ کی زیر صدارت منعقدہ سکھ رہنمائوں کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کے بارے میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد اعلانات کے باوجود اب تک اس سلسلے میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔سکھ رہنمائوں نے کہا کہ اگرچہ 2024کے اسمبلی انتخابات کے بعد مقبوضہ علاقے میں ایک منتخب حکومت قائم ہوچکی ہے، تاہم جموں وکشمیر کی زمینی صورتحال میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تاخیر نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے وزیر اعلی عمر عبداللہ کی حکومت اور نئی دلی کے تعینات کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کے درمیان اختیارات کی کشمکش پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا براہ راست خمیازہ عام شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔اجلاس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت بلا تاخیر بحال اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جاے تاکہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی اور انتظامی غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو سکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button