گلگت بلتستان میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ
آل پارٹیز کانفرنس میں کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار

گلگت:گلگت بلتستان حکومت نے 5اگست یومِ استحصالِ کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر اعلی گلگت بلتستان امجد حسین آذر کی زیر صدارت سی ایم سیکریٹریٹ گلگت میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں قائدِ حزبِ اختلاف حافظ حفیظ الرحمن، اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم شکری، صوبائی وزرا، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی امجد حسین آذر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنا پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں اور عالمی برادری کو کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی محض بیانات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اسے عوامی سطح پر ایک مثر تحریک کی صورت میں آگے بڑھایا جائے گا۔قائدِ حزبِ اختلاف حافظ حفیظ الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی قومی پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے یومِ استحصالِ کشمیر سرکاری سطح پر منانے کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی حکومت، سیاسی قیادت اور عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشترکہ موقف سے دنیا کو واضح پیغام ملے گا کہ کشمیری عوام اپنی منصفانہ جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔کانفرنس کے شرکا نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے اورمقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گلگت میں ایک عظیم الشان یکجہتی ریلی نکالی جائے گی، جس کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں بھارت کے 5اگست 2019 کے اقدامات اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی جائے گی۔
ادھرگلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ملک کفایت ایڈووکیٹ سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے ملاقات کی او ربھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورجاری تحریک آزادی کشمیر سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔








