میرواعظ عمرفاروق کامختلف سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنمامیرواعظِ عمر فاروق آج براری پورہ، نوا کدل گئے جہاں انہوں نے خاندانِ میرواعظ کے دیرینہ محب اور تاریخی جامع مسجد سرینگر سے گہری وابستگی رکھنے والے مرحوم حاجی غلام نبی راہ کے اہلِ خانہ سے اظہارتعزیت کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے مرحوم کی دینی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔میرواعظ نے بعد ازاں فیاض احمد شاہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
دریں اثنا ءمیرواعظ نے خانقاہِ معلی کے معروف نحوی خاندان سے تعلق رکھنے والےمحمد مقبول نحوی کے جواں سال فرزند ڈاکٹر عرفان نحوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ بالخصوص نحوی، قصبہ اور لنکر خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔میرواعظ کی ہدایت پر ایک وفد نے بھی برزلہ جا کر مرحوم ڈاکٹر عرفان نحوی کی اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت و یکجہتی کااظہارِ کیا۔







