امن اورترقی کا نریندر مودی اورامیت شاہ کا جھوٹا پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے: احسن انتو

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو نے کہاہے کہ علاقے میں امن اورترقی کا نریندر مودی اورامیت شاہ کا جھوٹا پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احسن انتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات میں سرکاری ملازمین اوراسکول کے بچوں کی شرکت کو لازمی قراردیاتھا اورمختلف محکموں کوجھنڈوں اوروردیوں کے لئے کروڑوں روپے جاری کئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ صرف کپواڑہ میں بھارتی جھنڈوں کے لئے محکمہ تعلیم کو 55لاکھ روپے جاری کئے گئے جبکہ محکمہ ہارٹی کلچر،پی ایچ ای،اریگیشن، محکمہ مال، محکمہ صحت اوردیگر محکموں کے لئے بھی کروڑوں روپے جاری کئے گئے۔محمد احسن انتو نے کہاکہ بھارت کے پاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں یوم آزادی منانے کا کوئی اخلاقی اورقانونی جواز نہیں ہے کیونکہ اس نے فوجی طاقت کے بل پر علاقے پر قبضہ کررکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے ہرقیمت پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اوروہ بھارتی غلامی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستانی قیادت خاص طورپر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مشکور ہیں جنہوں نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے انتھک کوششیں کی ہیں ۔





