بھارتی وزیرداخلہ کے بے بنیاد الزامات مسترد،ترجمان دفتر خارجہ
بھارتی وزیر داخلہ نے بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیرداخلہ کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مستردکرتے ہوئے اسے پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کےمطابق ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات بے بنیاد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم کا ایک اور مظاہرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی۔ بھارت اپنے داخلی سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے اورمحدود سیاسی مفادات کیلئے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔ بھارت اندرونِ ملک اقلیتوں کو دبا رہا ہے، اختلافِ رائے کو خاموش کر رہا ہے، بھارت بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد اور دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی سے نہیں ہٹاسکتے، بھارتی بے بنیادالزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی بیرون ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹاسکتے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان متعدد باربھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کےشواہد عالمی برادری کے سامنے رکھ چکا ہے، زیرحراست بھارتی بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی میں بھارت کے براہِ راست ملوث ہونے کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے ، عالمی برادری بھارت کو خطے میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کیلئے جوابدہ ٹھہرائے۔






