اسلام آباد: امریکی ناظم الامور وزارت خارجہ طلب
پاکستان کی جانب سے امریکی سفیر کے بیان پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا
اسلام آباد:پاکستان نے بھارت میں امریکی سفیر کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت میں امریکی سفیر کے متنازعہ بیان پر ڈی مارش کیاگیاہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیاہے کہ اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو آج وزارت خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے امریکی بیان پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں امریکی سفیر کا مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ اور اس حوالے سے دیا گیا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، جو جموں و کشمیر تنازع پر امریکہ کے دیرینہ اور واضح مؤقف کی نفی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کا بیان بین الاقوامی قانون کی بالادستی اور اقوام متحدہ کے منشور سے متعلق امریکہ کے عزم کے بھی منافی ہے۔پاکستان نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے عوامی بیانات جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کے مطابق ہوں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر تنازع کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کو سراہا تھا۔واضح رہے بھارت میں امریکی سفیر اور جنوبی و وسطی ایشیا کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب سرگئی گور نے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے دوران کشمیر کو ’انڈیا کا اہم حصہ‘ قرار دیتے ہوئے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔






