بھارت میں مذاکرات سے متعلق آوازیں مثبت پیش رفت ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان قیام امن کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، طاہر اندرابی
اسلام آباد: پاکستان نے کہاہے کہ بھارت میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے متعلق آوازیں مثبت پیش رفت ہیں۔ ان آوازوں پر بھارتی حکومت کے مثبت ردعمل کے منتظر ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہاکہ بھارت میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی باتیں ہونا ایک مثبت پیش رفت ہیں۔ ہم ان آوازوں پر بھارتی حکومت کے مثبت ردعمل کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹریک ٹو یا بیک ڈور رابطوں کا علم نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ کشتواڑ اور ایل او سی واقعات کے دو مختلف زاویے ہیں ۔ ایک زاویہ انسانی حقوق جبکہ دوسرا امن و سیکیورٹی کا ہے،ایل او سی پر ہمارے جوان چوکس ہیں۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان مسلسل فعال کرداراداکررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور برابری کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کا مقف واضح ہے کہ خطے میں پائیدار امن صرف مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔پاکستان امن کیلئے ملکوں کے درمیان مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔ نائب وزیر اعظم خطے اور دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں۔پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، پائیدار جنگ بندی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔






