امریکی سفیر کا کشمیر پر بیان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ، فاروق رحمانی

اسلام آباد: جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین اور حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے بھارت میں متعین امریکی سفیرسرجیو گور کے جموں و کشمیر سے متعلق بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔ سرجیو گور نے گزشتہ روزبھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے دورے کے دوران سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپنی گفتگو میں جموں کشمیر کو بھارت کا ایک لازمی حصہ قرار دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں امریکی سفیر کے بیان کو جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات اور کشمیر پر موجود اقوام متحدہ کی قراردادوںکی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر کالے قوانین کے ذریعے حکومت کر رہا ہے اور وہ کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے۔
انہوںنے کہا کہ اس وقت بھی ہزاروں سیاسی قیدی، بشمول صحافی اور وکلا، 5 اگست 2019 کے بھارتی آئینی اقدام کے بعد جائیدادوں کی ضبطی، مسلم تعلیمی اداروں پر پابندی اور صحافت کی زبان بندی کے خلاف آواز اٹھانے کی پاداش میں مختلف بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔محمد فاروق رحمانی نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر بھارت کے بے بنیاد بیانیے کو تقویت دینے کے بجائے تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے بھارتی قیادت پر دبائو ڈالے ۔







