مقبوضہ جموں وکشمیر: بی جے پی رہنما کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع اسلام آباد میں بی جے پی کے جنرل سیکریٹری عابدنینگرو کے خلاف سرکاری ملازمت دلانے اور امرناتھ یاترا کے دوران پہلگام میں خیمے نصب کرنے کی اجازت دلوانے کی آڑ میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے الزام پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھوکہ دہی اور فراڈ کی تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد اسلام آباد کے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ انہیں عشمقام سے تعلق رکھنے والے وحید احمد ایتو کی جانب سے جو اس وقت جی ڈی سی بوائز ہاسٹل کھنہ بل میں مقیم ہیں، ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ کرنڈی گام، بیجبہاڑہ کے عابدنینگرو نے ان کے ساتھ دھوکہ دہی کی۔پولیس کے مطابق شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو یہ یقین دہانی کرا کے اپنے جال میں پھنسایا کہ وہ اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے اسے محکمہ پولیس میں ایس پی او (اسپیشل پولیس آفیسر) کی حیثیت سے سرکاری ملازمت دلوا سکتا ہے اور امرناتھ یاتریوں کے لیے پہلگام میں خیمے نصب کرنے کی اجازت بھی حاصل کروا سکتا ہے۔شکایت کنندہ نے بتایا کہ ان یقین دہانیوں اور دعوﺅں کی بنیاد پر اس سے مجموعی طور پر 8 لاکھ 25 ہزار روپے کی رقم وصول کی گئی۔شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



