قائد حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی آج منائی جارہی ہے
سرینگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری قائد حریت سید علی گیلانی کی شہادت کی پانچویں برسی آج اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہے ہیں بھارتی تسلط سے آزادی کے ان کے مشن کو ہرقیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پربھارتی حراست میں انتقال کر گئے تھے، جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک گھر میں نظر بند رکھا گیا تھا۔یہ دن منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی۔پابندیوں کے باوجود، کشمیری حیدرپورہ قبرستان گئے اور سید علی گیلانی اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ مساجد میں سید علی گیلانی کی بلندی درجات اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سےآزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ م سید علی گیلانی کا کشمیر کے لیے لازوال عزم آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا، اور جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے لیے ان کی جدوجہد ان کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے۔دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” آج بھی ان کے وژن کی علامت ہے، اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ان کے لیے سب سے بڑا خراج تحسین ہوگا۔



