مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری قیادت کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا بدترین یاسی انتقام ہے: ڈاکٹر غلام رسول

اسلام آباد:جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام رسولنے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی آزادی پسند قیادت کو جھوٹے، بے بنیاد اور دہائیوں پرانے مقدمات میں دوبارہ ملوث کرنے کی بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام رسول نے ایک بیان میں بھارت کی اس مذموم کارروائی کو کشمیری عوام کی سیاسی آواز کو دبانے اور آزادی پسند قیادت کو صفح ہستی سے مٹانے کی ایک منظم سازش قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک امر ہے کہ کشمیری سیاسی رہنما پہلے ہی اپنی زندگیوں کے تیس، چالیس اور اس سے بھی زیادہ قیمتی سال بھارتی جیلوں میں گزار چکے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں پرانے مقدمات میں دوبارہ ملوث کرکے مسلسل قید و اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقدمات کو کئی دہائیوں بعد دوبارہ کھولنا انصاف نہیں بلکہ سیاسی انتقام اور ریاستی جبر کے مترادف ہے۔ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ کسی قوم کی سیاسی قیادت کو جیلوں میں ڈال کر اس کے سیاسی موقف اور حق خودارادیت کی آواز کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیری قیادت کو خاموش کرنے کی مسلسل کوششیں دراصل مسئلہ کشمیر کی موجودگی اور اس کی سیاسی حقیقت کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔ڈاکٹر غلام رسول نے دنیا بھر میں مقیم کشمیری ڈائسپورا، بالخصوص برطانیہ، امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک میں مقیمکشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت اورسیاسی قیدیوںکے خلاف جاری بھارتی کارروائیوں کو اپنے متعلقہ ممالک کی پارلیمانوں، حکومتوں، انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی میڈیا کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ڈائسپورا کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا کو مسلسل آگاہ کرے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صرف عام شہری ہی نہیں بلکہ پوری سیاسی قیادت کو قید، مقدمات، انتقامی کارروائیوں اور مسلسل ریاستی دبا ئوکے ذریعے خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جیلوں میں طویل عرصے سے قید کشمیری سیاسی رہنمائوں کی صحت، علاج اور بنیادی انسانی حقوق بھی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ کئی کشمیری نظربند مناسب طبی سہولیات اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہوئے اور بعض نے دورانِ حراست اپنی جانیں بھی گنوائیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیدیوں تک فوری اور بلا روک ٹوک رسائی کا مطالبہ کریں۔ڈاکٹر غلام رسول نے حکومت پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیادت اور سیاسی قیدیوں کے معاملے کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اٹھائے اور اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور دوست ممالک کے ذریعے بھارت پر دبا ئوڈالے کہ کشمیری قیدیوں کے بنیادی، قانونی اور طبی حقوق کا احترام کیا جائے۔انہوں نے کہا:”کشمیری قیادت کو جیلوں میں ڈال کر کشمیری عوام کی آواز کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ دنیا بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت کا نوٹس لے اور ان کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔”ڈاکٹر غلام رسول نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، بالخصوص سیاسی قیدیوں کی حالت، طویل المدت حراست، عدالتی کارروائیوں اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی آزادانہ اور موثر نگرانی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button