نئی دلی : ہاسٹل کی چھت گرنے سے 7طلبہ ہلاک، متعدد ملبے تلے دب گئے
نئی دلی: بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی کے علاقے ستیہ نکیتن میں طلبہ کے ہاسٹل کی پانچ منزلہ عمارت اچانک منہدم ہونے سے کم سے کم 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد ملبے تلے دب گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مسلسل عمارت کا ملبہ ہٹا کر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ متعدد افراد کے ملبہ تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی حکام کاکہنا ہے کہ حادثے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7ہوگئی ہے۔ اب تک 11افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جبکہ عمارت منہدم ہونے کے وقت تقریبا 40سے 50طلبہ وہاں موجود تھے ۔ تاہم ملبے تلے کتنے افراد پھنسے ہوئے ہیں، اس بارے میں حتمی تعداد ابھی واضح نہیں ہے۔حادثے کی شدت کا اندازہ ایک ایسے طالب علم کی ویڈیو کال سے بھی ہوتا ہے جو ملبے کے نیچے پھنس گیا تھا۔ بھارت کی نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی تقریبا 11سیکنڈ کی ویڈیو میں طالب علم کو گرد و غبار اور ملبے کے درمیان دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے چہرے پر خون کے نشانات بھی دکھائی دیتے ہیں اور وہ موبائل فون کے ذریعے مدد طلب کرتا نظر آتا ہے۔ فوری طورپر عمارت منہدم ہونے کی وجوہات واضح نہیں ہوسکی ہیں۔تاہم پولیس کے مطابق عمارت کے گرانڈ فلور پر مرمت کا کام جاری تھا، جبکہ مقامی افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ تہہ خانے میں بھی تعمیر یا مرمت کا کام ہو رہا تھااور چند روز سے ہونے والی بارش کے باعث تہہ خانے میں پانی جمع ہوگیا تھا۔







