مدھیہ پردیش : زہریلی شراب پینے سے بی جے پی لیڈر سمیت 12افراد ہلاک
بھوپال:بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ 54کی حالت غیر ہوگئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک مقامی لیڈرہرنام رائے بھی شامل ہے۔ ہرنام رائے بندہ میں بی جے پی کا منڈل جنرل سیکریٹری تھا۔ اطلاعات کے مطابق زہریلی شراب پینے کے بعد اس کی طبیعت بگڑ گئی اور اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹس میں ہلاک ہونے والے افراد میں میتھانول کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر صحت اور ضلع ساگر کے انچارج وزیر راجندر شکلا نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مرنے والوں کے جسموں میں بڑی مقدار میں میتھانول پایا گیا، جو ایک انتہائی زہریلا کیمیکل ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو نے ہلاکتوں کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی ریاست گجرات کے ضلع بھاونگر میں بھی زہریلی شراب پینے سے 13افراد ہلاک ہوگئے تھے۔








