مقبوضہ جموں و کشمیر

میرواعظ عمرفاروق کا سیاسی و سماجی تنظیموں پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

تنازعہ کشمیرکے حل نہ ہونے سے تعلیم پر سنگین اثرات پڑرہے ہیں : رپورٹ

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے بھارت سے غیر قانونی طورپرزیر قبضہ جموں و کشمیر کی سیاسی اور سماجی تنظیموں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں، ہراساں کرنے اور دھمکانے جیسے اقدامات امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت پرزوردیاکہ وہ عدالتی کارروائیوںکو منصفانہ انداز میں اپنے منطقی انجام تک پہنچنے دے اوراملاک اور اداروں کو ضبط کرنے سے گریز کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی نمائندوں کو نظرانداز کرکے ایک پائیدار سیاسی عمل تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے تمام فریقین کے ساتھ بامعنی بات چیت پر زور دیا۔
ادھرآج خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں حل طلب تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ علاقے میںلاکھوں کی تعداد میں تعینات قابض فوجیوں کی وجہ سے تعلیم پر پڑنے والے سنگین اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، گھروں پر چھاپے، گرفتاریاں، نگرانی اور فوجی کیمپوں کا قیام تعلیمی اداروں کے ارد گرد خوف کی فضا پیدا کرتے ہیں۔ رپورٹ میں علاقے میں اسکولوں میںبنیادی ڈھانچے اور اساتذہ کی کمی،تعلیمی اداروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور بھرتی کے امتحانات سے متعلق تنازعات پر بھی تشویش کا اظہارکیاگیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پائیدار سیاسی حل مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئندہ نسلوں کے لیے امن، استحکام اور تعلیمی مواقع کے لیے ناگزیرہے۔
دریں اثناءایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز نے اپنے مطالبات کے حق میں پورے مقبوضہ علاقے میں بھوک ہڑتال دوسرے دن بھی جاری رکھی۔ 10سرکاری میڈیکل کالجوں اور دو ڈینٹل کالجوں کے انٹرنز اپنے وظیفوںمیں اضافے کیلئے احتجاج کررہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔
بھارتی فورسز نے ضلع بڈگام کے علاقے یوسمرگ اورضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں آج بھی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع میں 21حساس مقامات پر اپنی نفری بڑھارہی ہے۔فورس کی9 کوبرا ٹیموں کو ان مقامات پر تعینات کیاجائے گا جبکہ مزید9 ٹیمیں دیگر مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔
ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بابا بدھا امرناتھ اور شیو کھوری کی یاترا کے دوران ہندو یاتریوں کے بھیس میں آر ایس ایس کے کارکن ایک کشمیری مسلمان کو ”بھارت ماتا کی جے“ کا نعرہ لگانے پر مجبورکر رہے ہیں ۔ ویڈیو میں کشمیری مسلمان کو واضح طور پر یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ” میں مسلمان ہوں، میں یہ نعرہ نہیں لگا سکتا“۔
ضلع کٹھوعہ کے علاقے لکھن پور کے ایک کالج میں آج بھارتی پیراملٹری فورس کا ہیڈ کانسٹیبل پراسرار طورپر ہلاک ہو گیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button