مقبوضہ کشمیر: محاصرے ، تلاشی کی کارروائیاں جاری، ہندواڑہ سے ایک نوجوان گرفتار
بڈگام میں آتشزدگی کے واقعے میں چارمکان خاکستر
arr
سرینگر: بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کاروائیوں اور بے گناہ نوجوان کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی 21 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی 92 بٹالین کے اہلکاروں نے ضلع کپواڑہ کے قصبے ہندواڑہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران منظور احمد نام کے ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔ فورسز نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کیلئے ان پر عسکریت پسندوںکیلئے کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی فورسز کیطرف سے سری نگر، بڈگام، گاندربل، کپواڑہ، بارہمولہ، پلوامہ، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ اور دیگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چھاپوں ، تلاشی کی بلا جواز کارروائیوںنے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بے لگام بھارتی اہلکار گھروںمیں گھس کو خواتین ، بچوں اورمعمر افراد سمیت مکینوں کو سخت ہراساں اور قیمتی گھریلو اشیا ء کی توڑپھوڑ کرتے ہیں۔
دریںاثنا ضلع بڈگام کے خان محلہ میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم چار رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گئے۔






