بھارت

نئی دہلی :برکس سربراہ اجلاس سے قبل سیکورٹی انتہائی سخت

15ہزار پولیس اہلکار، پیراملٹری فورسز کی200کمپنیاں تعینات

نئی دہلی:بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے برکس سربراہ اجلاس کے لیے پولیس نے بڑے پیمانے پر سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کے 15 ہزار اہلکاروں اورپیراملٹری فورسز کی 200کمپنیاں تعینات کی جارہی ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایاہے کہ برکس اجلاس کیلئے نئی دلی میں سکیورٹی سخت کرنے کیلئے 500سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ان میں ہائی ریزولوشن اور خصوصی نگرانی کے کیمروں کے علاوہ 2K کیمرے، چہرہ شناخت کرنے والے نظام اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمرے شامل ہیں۔ تمام کیمروں کو ایک مرکزی مانیٹرنگ روم سے منسلک کیا گیا ہے۔خصوصی کمشنر پولیس (پروٹیکٹو/سکیورٹی ڈویژن)منیش کمار اگروال نے کہا ہے کہ دہلی پولیس برکس اجلاس کے لیے متعدد سرکاری اداروں کے ساتھ مل کرکام کر رہی ہے جبکہ مہمان وفود کی آمد و رفت کے لیے متعین تمام اہم راستوں کا تفصیلی جائزہ پہلے ہی لیا جا چکا ہے۔امن و امان، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے بڑے پیمانے پر سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا جائے گا۔اجلاس کے مرکزی مقام بھارت منڈپم کی بھی کڑی نگرانی اور سخت سکیورٹی کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔برکس سربراہ اجلاس 12 اور 13 ستمبر کو بھارت منڈپم میں منعقد ہوگا، تاہم غیر ملکی وفود اور اہم شخصیات کی نقل و حرکت کے باعث ٹریفک پابندیاں 10ستمبر سے ہی نافذ ہیں جو تقریبا 14ستمبر تک جاری رہیں گی۔بھارت منڈپم نئی دہلی کے پراگتی میدان کمپلیکس میں متھرا روڈ پر واقع ہے۔ غیر ملکی لیڈروں کی رہائش کیلئے مختص ہوٹلوں میں بھی سکیورٹی، نگرانی اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے جمعہ کی صبح بھارت پہنچے ہیں ۔چین کے صدر شی جن پنگ کی بھی 18ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button