مقبوضہ کشمیر : مختلف بہانوں سے کشمیریوں کی املاک کی ضبطی کا سلسلہ جاری
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی انتظامیہ کی طرف سے مختلف حیلے بہانوں سے کشمیریوں کی جائیدادوں کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ نے تازہ کارروائی کے دوران ضلع سری نگر میں 7.11کروڑ روپے مالیت کی چار غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
بھارتی پولیس نے علاقے کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا کے حکم پر شہر کے علاقے زکورہ کی بلال کالونی میں اویس احمد راتھر کا مکان ضبط کیا جس کی مالیت تقریبا ً 2.5کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس نے سرینگر ہی کے علاقے واگورہ کے رہائشی شیراز احمد شیخ کی تقریباً 2.85 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کی ۔ جس میں ایک دو منزلہ عمارت ، دو دکانین اور ایک رائس مل شامل ہیں۔
پولیس نے سرینگر کے علاقے حضرت بل میں ظہور احمد میر کا رہائشی مکان ضبط کر لیا جس کی مالیت تقریباً 1.30 کروڑ روپے ہے۔
پولیس نے ایک اور کارروائی میں شہر کے علاقے چیک مجگنڈ میں عامر احمد میر کا ایک منزلہ رہائشی مکان اور سات مرلے اراضی ضبط کر لیے جس کی مالیت تقریباً 46 لاکھ روپے ہے۔یہ تمام جائیدادیں کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کی گئیں۔ پولیس نے جائیدادوں کی ضبطی کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان کے مالکان پر منشیات فرشی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیاہے۔
بھارتی حکومت کی طرف سے مختلف حیلے بہانو ں سے کشمیریوں کی جائیدادوں کی ضبطی کا بنیادی مقصد انہیں معاشی طور پر مفلوک الحال بنانا اور ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیری بھارتی ہندﺅں کو دیکر علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے-






