مودی ، امیت شاہ اقتدار میں رہنے کے لیے ’ربڑ اسٹیمپ‘ الیکشن کمیشن چاہتے ہیں: کھرگے
نئی دہلی:کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر اقتدار میں رہنے کے لیے ایک ایسے الیکشن کمیشن کے خواہاں ہیں جو محض ’ربڑ اسٹیمپ کا کردار ادا کرے۔
کھر گے نے ’انڈیا بلاک‘ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی مہم کے تحت اب تل 13 کروڑ 30 لاکھ رائے دھندگان کے نام خارج کر دیے گئے ہیں، جوایک شخص، ایک ووٹ کے اصول کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شواہد کے ساتھ اٹھائے گئے ای وی ایم اور ووٹر فہرستوں میں ردوبدل سے متعلق خدشات کو نظر انداز کیا اور اس کے بجائے ’ایس آئی آر‘ کا سہارا لیا، جس سے حقیقی ووٹرز حقِ رائے دہی سے محروم ہو گئے۔
کھرگے نے چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دو ساتھی کمشنروں نے 10 ماہ کے دوران 14 بار انہیں خط لکھ کر ان کی دیانتداری پر سوال اٹھائے تھے۔ انہوں نے 2023 کے اس قانون کا بھی حوالہ دیا جس کے تحت چیف جسٹس کو الیکشن کمیشن کے انتخابی پینل سے ہٹا دیا گیا اور چیف الیکشن کمشنر و دیگر کمشنروں کو مکمل استثنیٰ دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ خود یہ مشاہدہ کر چکی ہے کہ انتخابی کمیٹی میں کابینہ کے وزیر کی شمولیت سے اپوزیشن لیڈر کی موجودگی محض ”نمائشی“ رہ جاتی ہے، اور یہ کہ الیکشن کمیشن کا نہ صرف آزاد ہونا ضروری ہے بلکہ اسے آزاد نظر بھی آنا چاہیے۔








