بھارت: امرتسر میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا
امرتسر: بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر اور میک اَپ آرٹسٹ میڈ سندھو کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 6 بجے لوہارکا روڈ پر پیش آیا۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے میڈ سندھوپر جن کا اصل نام مدھوسودن تھا، فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سندھو کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں واقعے کے حوالے سے کچھ سراغ ملے ہیں اور وہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔ حملے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔میڈ سندھو ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر، میک اَپ آرٹسٹ اور فیشن اسٹائلسٹ تھے جو میک اپ اورصنفی معاملات کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے رہتے تھے۔ انہوں نے پنجابی فلم ’اوئے بھولے اوئے‘ میں بھی اداکاری کی تھی اور سوشل میڈیا پر ان کے بڑی تعداد میں فالوورز تھے۔ انہیں اپنے مواد کے انداز اور فیشن کے انتخاب پر سوشل میڈیا پر عوامی تنقید اور مخالفت کا بھی سامنا رہا ۔
اگرچہ پولیس نے ابھی تک حملے کی وجہ کا تعین نہیں کیا، تاہم بظاہر یہ واقعہ ایک ٹارگٹڈ نفرت انگیز جرم معلوم ہوتا ہے۔ تاہم حملہ آوروں کی گرفتاری اور پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی واضح تصویر سامنے آسکے گی۔








