مقبوضہ جموں و کشمیر میں 79 برس کے دوران 4 لاکھ سے زائد کشمیری شہید: رپورٹ
جموں کے 1947 کے قتل عام نے خطے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا
سرینگر:حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے27اکتوبر 1947 سے اب تک بھارتی فوج م ڈوگرہ اور دیگر فرقہ پرست قوتیں 4 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکے ہیں۔ ان میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کوجموں شہید کیاگیا جو پاکستان ہجرت کرر ہے تھے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی رپورٹ کے مطابق45لاکھ سے زائد کشمیریوںکو پاکستان، آزاد جموںوکشمیر اور دنیا کے دیگر حصوں میں ہجرت پر مجبورکیاگیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے داخلے اور قبضے کو 79 برس مکمل ہو گئے ہیں۔اس عرصے کے دوران بھارتی قابض فورسز نے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا ہے، جن میں 1947-48کے دوران صرف جموں خطے میں ساڑھے3لاکھ سے زائد کشمیری مسلمان بھی شامل ہیں۔ 1947رپورٹ کے مطابق جموں کے قتلِ عام کے دوران، ستمبر اور نومبر 1947 کے درمیان جموں کے خطے میں مسلم آبادی کو بڑے پیمانے پر ہدف بنا کر قتل کیا گیا اور انہیں بے گھر کر دیا گیا۔ تاریخی ریکارڈ اور اس وقت کے صحافیوں کے بیانات ان واقعات کے چند اہم پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہیں:
یہ تشدد انتہا پسند ہندو اور سکھ بلوائیوں کی جانب سے کیا گیا، جنہیں مہاراجہ ہری سنگھ کے زیرِ کمان ڈوگرہ فوج کی بھرپور مدد اور شہ حاصل تھی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور ہندو مہاسبھا کے کارکنوں سمیت مختلف مسلح گروہوں نے پورے جموں خطے میں ان حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس کا سب سے زیادہ اثر جموں ضلع، راجوری، پونچھ، ریاسی اور کٹھوعہ پر پڑا۔ رپورٹس میں اس خطے میں سرگرم پٹیالہ اسٹیٹ سکھ بریگیڈز کے ملوث ہونے کا بھی ذکر ہے۔
تاریخی حوالوں اور محققین کے اندازوں کے مطابق، اس دوران مسلمانوں کی ہلاکتوں کی تعداد 20ہزار سے 2لاکھ 37ہزار تک بتائی گئی ہے جبکہ تقریبا پانچ لاکھ افرادکو جبری طورپر بے گھرکیاگیا جنہوں نے مجبورا پاکستان ہجرت کی۔
رپورٹ کے مطابق، قتل عام سے پہلے جموں میں مسلمانوں کی آبادی 60 فیصد سے زیادہ تھی۔ بڑے پیمانے پر قتل اور نقل مکانی نے خطے کی آبادی کا تناسب بری طرح بگاڑ دیا اور مسلمانوں کی اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی۔
14 اکتوبر 1947کو مہاراجہ ہری سنگھ کی زیرِ کمان ڈوگرہ فوج اور مسلح گروہوں نے جن میں آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا کے کارکنان بھی شامل تھے ضلع جموں کے مختلف دیہات، یعنی امری، چیک، آتما پور اور کوچ پورہ پر حملہ کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو قتل کرنے کے بعد ان کا سامان لوٹ لیا اور ان کے گھروں کو نذرِ آتش کر دیا۔ جموں شہر اور اس کے گردونواح میں مسلمانوں کا بڑے پیمانے پر قتلِ عام کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 4سے 8نومبر 1947 کے دوران 2لاکھ 63ہزار مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ۔ اس کے علاوہ مختلف ادوار میں مزیدکشمیریوںکو شہید اور 1947 سے 1990 کے دوران بارودی سرنگوں سے مزید12ہزار کشمیریوں کو قتل کیاگیا۔رپورٹ کے مطابق جنوری 1989 سے 27اکتوبر 2026 تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں 96ہزار514کشمیری شہید ہوئے۔ ان میں سے7ہزار429کشمیریوںکو حراست کے دوران یا جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا ۔رپورٹ کے کے مطابق اس عرصے کے دوران ایک لاکھ 84ہزار771کشمیریوںکو گرفتار کیاگیا۔ایکلاکھ 10ہزار615املاک کو تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔اس عرصے کے دوران – 22ہزار993خواتین بیوہ اور ایک لاکھ 8ہزار سے زائد بچے یتیم ہوئے جبکہ 11ہزار286خواتین کو اجتماعی عصمت دری کانشانہ بنایاگیا۔
رپورٹ میں مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی فوج، پیراملٹری اہلکاروں ، پولیس،ویلج ڈیفنس کمیٹیز اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی مجموعی تعداد کم از کم نو لاکھ بتائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق برصغیر کی تقسیم کے وقت ریاست جموں و کشمیر مسلم اکثریتی خطہ تھی۔ اس کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا تھا۔ تاہم بھارت نے27 اکتوبر 1947 کو اپنی فوج سرینگر اتار کر جموں وکشمیر پرغیر قانونی طورپر قبضہ کر لیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں نے بھارتی قبضے کو مسترد کیا۔ 1947 سے 1949 کے دوران جدوجہد کے نتیجے میں ریاست کا ایک حصہ آزاد ہوا، جو آج آزاد جموں و کشمیر کہلاتا ہے۔
بھارت نے جنوری 1948 میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا۔ سلامتی کونسل کی قرارداد 47نے جنگ بندی اور ریاست کے مستقبل کے تعین کے لیے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کا فریم ورک پیش کیا۔رپورٹ کے مطابق، بھارت اور پاکستان نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت رائے شماری کے اصول کو قبول کیا۔ تاہم کشمیری آج بھی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق سے محروم ہیں۔
رپورٹ میں مہاتما گاندھی اور بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے بیانات بھی موجود ہیں، جن میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کاموقع دینے کے وعدے شامل تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگست 2019 میں بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا۔ ان اقدامات پر کشمیریوں نے شدید اعتراضات اٹھائے۔ ڈومیسائل اور اراضی قوانین میں تبدیلیوں، سیاسی پابندیوں اور انتظامی فیصلوں نے کشمیریوںکی منفرد شناخت، روزگار اور معاشی حقوق کے بارے میں خدشات بڑھائے۔ مقامی سیاسی حلقوں نے غیرمقامی افسران کی تعیناتی اور اختیارات کے مرکز میں ارتکاز پر بھی تشویش ظاہر کی۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ رپورٹ کے مطابق خطے میں دیرپا امن کے لیے انسانی حقوق کا احترام اور کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔KMS-Y








