طبی سہولیات کی عدم فراہمی : پاکستانی قیدی جموں جیل میں انتقال کر گیا

جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک پاکستانی قیدی طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث جیل میں وفات پا گیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل میں قید 38سالہ محمد رفیق عمر کچھ عرصے سے علیل تھا۔ جیل انتظامیہ نے اسے طبی امداد سے محروم رکھا اور وہ آج رات انتقال کر گیا۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے محمد رفیق کو چند سال قبل بھارتی فوج نے ورکنگ باﺅنڈی کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔ وہ نادانستہ طور پر مقبوضہ علاقے کی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔طبی اور دیگر بنیادی سہولیات کی مسلسل عدم فراہمی کی وجہ سے اسکی صحت د ن بہ دن بگڑتی گئی ۔
یاد رہے کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری آزادی پسند رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے قیدیوں کوبنیادی سہولیات سے محروم رکھا جاتا ہے اور غیر معیاری اور ناقص غذا فراہم کی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے اکثر قیدی پیچیدہ امراض کا شکار ہو جاتے ہیں۔
کشمیری حریت رہنماﺅں محمد اشرف صحرائی، الطاف احمد شاہ، اور غلام محمد بھٹ سمیت اب تک کئی قیدی دوران حراست اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔






