بھارت

بھارتی پنجاب اسمبلی کا کرتارپور راہداری فوری کھولنے کا مطالبہ

راہداری کی بحالی کے حق میں متفقہ قرارداد منظور

چندیگڑھ: بھارتی پنجاب اسمبلی نے کرتارپور راہداری فوری طور پر کھولنے کے مطالبے پر مبنی متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے۔ راہداری کی مسلسل بندش سے بھارت میں آباد لاکھوں سکھوں کی مذہبی آزادی اور گوردوارہ دربار صاحب کی زیارت کی خواہشات متاثر ہو رہی ہیں۔
قرارداد وزیر تعلیم ہرجوت سنگھ بینس نے پیش کی، جس کی وزیراعلیٰ بھگونت مان نے بھرپور حمایت کی۔ قرارداد میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ کرتارپور راہداری کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کرے، یاتریوں کے لیے طریقہ کار آسان بنائے اور ان کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائے۔ اس میں پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ مذہبی مقامات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھا جانا چاہیے۔ قرارداد میں کرتارپور راہداری کو مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ ورثے کی علامت قرار دیتے ہوئے اس کی بحالی اور زائرین کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کی اس متفقہ قرارداد نے راہداری کی بحالی کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ تاہم، وزیراعلیٰ بھگونت مان اس معاملے پر آزادانہ طور پر فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں، کیونکہ راہداری کھولنے کا اختیار دہلی میں بیٹھی بی جے پی حکومت کے پاس ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے سکھوں کے مقدس ترین مذہبی مقامات میں سے ایک تک رسائی بند رکھنا مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کرتا ہے۔
بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد 7 مئی 2025ء سے کرتارپور راہداری بند کر رکھی ہے۔ اس طویل بندش کو پنجاب اسمبلی کے مطالبے اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات نظر انداز کیے جانے کے تناظر میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس طویل بندش پر سکھ برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اسمبلی کی متفقہ قرارداد نے راہداری کی فوری بحالی کا مطالبہ ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت قومی سلامتی کے نام پر اس معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گوردوارہ دربار صاحب جیسے مقدس مذہبی مقام تک رسائی روکنا سکھ برادری کے مذہبی حقوق اور آزادیِ عبادت کو متاثر کر رہا ہے، جبکہ مودی حکومت ان کے مذہبی جذبات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button