بھارت :منی پور میں مسخ شدہ لاشیں برآمد ہونے پر مکمل ہڑتال، کوکی نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاج
امپھال: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میںمکمل ہڑتال کے دوران تشدد کی نئی لہر پھوٹ پڑی اور مختلف واقعات میںکوکی زو برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم پانچ افراد مارے گئے جبکہ ضلع کانگ پوکپی میں مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ہفتے کی صبح ضلع نونی کے علاقے کیکرو ناگا میں حریف مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین کوکی افراد مارے گئے۔ کوکی تنظیموں کے مطابق یہ افراد گائوں کے رضاکار تھے۔کوکی انپی منی پور (KIM)کاکہنا ہے کہ ان ہلاکتوںمیں ناگا عسکریت پسند گروپ ملوث ہیں۔ تنظیم نے ریاستی حکومت سے انصاف اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایک اور واقعے میں دو کوکی زو نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ ان کی شناخت 21سالہ ٹی چونگلوی اور 20سالہ پاگن لال ہینگسنگ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں ضلع کانگ پوکپی کے گائوں تافو کوکی کے رہائشی تھے۔ وہ 29اکتوبر سے لاپتا تھے۔منی پور پولیس، کوبرا کمانڈو فورس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، آسام رائفلز اور ریپڈ ایکشن فورس(آر اے ایف)نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران لاشیں بوریوں میں بند حالت میں ملیں۔ انہیں ایس پی روڈ کے ساتھ واقع ایک کیلے کے باغ سے برآمد کیا گیا۔ یہ پہاڑی سڑک ضلع سینی پتی اور کانگ پوکپی کو ملاتی ہے۔
پولیس کے مطابق رواں سال فروری میں کوکی اور ناگا برادریوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے ضلع تامنلونگ، نونی، کامجونگ، اکھرول اور کانگ پوکپی میں 50سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ ان علاقوں میں درجنوں مکانات بھی جلا دیے گئے ہیں۔
لاشیں ملنے کے بعد کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی (CoTU)نے کانگ پوکپی میں ہڑتال میں مزید 24گھنٹے کی توسیع کر دی۔ کمیٹی نے اعلان کیا کہ مطالبات پورے ہونے تک وہ لاشیں وصول نہیں کرے گی۔کمیٹی کے پانچ نکاتی مطالبات میں نائب وزیراعلی لوسی ڈیکو کو عہدے سے ہٹانا بھی شامل ہے۔ کمیٹی نے ملزمان کی گرفتاری اور تحقیقات این آئی اے کے سپرد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اتوار کو لاشیں لائے جانے کے بعد ضلع کانگ پوکپی میں کشیدگی پھیل گئی۔ سینکڑوں افراد سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر کے باہر جمع ہو گئے۔بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے متعدد گولے فائر کیے۔ اس دوران کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔مقامی رہائشیوں نے فورسز پر ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے گاڑیوں اور کھڑکیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچانے کی شکایت بھی کی۔ ان کے مطابق آنسو گیس کے باعث شیر خوار بچوں اور بزرگوں کو بھی شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی کے ترجمان این جی لون کِپگن نے کہا کہ عوامی غصے پر قابو پانے کی کوششیں حکومت کے مثبت ردعمل سے مشروط ہیں۔








