حریت رہنما محمد حنیف کالس کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، حریت رہنما
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کنوینر غلام محمد صفی کی زیرِ صدارت ایک دعائیہ مجلس میں جموں کے معروف آزادی پسند رہنما اور چیئرمین پیر پنجال پیس فانڈیشن محمد حنیف کالس کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد حنیف کالس تحریک آزادی جموں و کشمیر کے ایک مخلص، ثابت قدم اور سرگرم کارکن تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کیے رکھی اور اس جدوجہد کے دوران متعدد بار بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، تاہم وہ اپنے موقف اور جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔مقررین نے کہا کہ محمد حنیف کالس کی وفات سے تحریک آزادی جموں و کشمیر ایک مخلص اور باہمت رہنما سے محروم ہوگئی۔ تحریک آزادی کے لیے ان کی خدمات، قربانیاں اور جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی زندگی جدوجہد، استقامت اور تحریک آزادی سے غیر متزلزل وابستگی کی ایک روشن مثال ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ آبادیوں کا تناسب تبدیل کیا جا سکتا ہے اور قوموں کو ہجرت پر مجبور کیا جا سکتا ہے، لیکن ان کی تاریخی شناخت، آزادی کی آرزو اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ 6نومبر 1947سے آج تک شہادتوں کا یہ سفر جاری ہے، مگر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اپنی سرزمین پر آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔دعائیہ مجلس سے محمود احمد ساغر، پرویز احمد شاہ، الطاف حسین وانی، شمیم شال، محمود احمد قریشی، امتیاز وانی، مشتاق احمد بٹ، سید گلشن، قاضی محمد عمران، اویس بلال، چوہدری زمان، قاری مطلوب احمد رضا، خواجہ ایاز احمد، ظہیر جرال شبیر احمد اوردیگر نے خطاب کیا ۔








