اسلام آباد: جموں وکشمیر پیر پنجال پیس فائونڈیشن کے چیئرمین محمد حنیف کالس کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما اور جموں وکشمیر پیر پنجال پیس فائونڈیشن کے چیئرمین محمد حنیف کالس کو انکی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنویئر غلام محمد صفی کی زیر صدارت مجلس میں کشمیری حریت رہنمائوں اور کشمیری مہاجرین کے نمائندوں نے شرکت کی ۔تقریب کے مقررین نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات پر حنیف کالس کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ حنیف کالس نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔تحریک آزادی کشمیر سے وابستگی کی بنیاد پر حنیف کالس کو 14سال تک قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ قابض انتظامیہ نے انہیں ان کی سرکاری نوکری سے محروم کیا اور ان کے بھائی ذوالفقار بھی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوئے۔انہوں نے 2015میں جموں وکشمیر پیر پنجال پیس فائونڈیشن قائم کی اورآخری دم تک اسی کے ساتھ وابستہ رہے ۔ تقریب کے شرکا نے حنیف کالس اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام کشمیری شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی درجات کی بلندی کیلئے دعاکی ۔ اس موقع پر شہداکے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔








