بھارتی حکومت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تنظیم ”آئی آر ایف“‘ پر عائد پابندی میں توسیع کر دی
نئی دہلی: بھارتی حکومت نے معراف اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی قائم کردہ تنظیم ’اسلامک ریسرچ فاونڈیشن‘ (آئی آر ایف) پر عائد پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع کر دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کالے قانون ”یو اے پی اے “ کے تحت پابندی میں توسیع کا حکمنامہ بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے آج (جمعہ) جاری کیا گیا ۔یہ تازہ پابندی سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کی اشاعت کی تاریخ سے آئندہ پانچ برسوں تک نافذ العمل رہے گی۔
یہ فیصلہ تنظیم پر عائد موجودہ پانچ سالہ پابندی کی مدت ختم ہونے سے محض ایک روز قبل سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل بھارتی حکومت نے 15 نومبر 2021 کو اس تنظیم کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔
بھارتی حکومت نے ذاکر نائیک کی تقاریر اور بیانات کو قابلِ اعتراض اور تخریبی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنے عوامی خطابات کے ذریعے مذہبی گروہوں کے مابین نفرت اور دشمنی کو ہوا دے رہے ہیں۔
ذاکر نائیک، جو اس وقت ملائیشیا میں مقیم ہیں، نے ان الزامات کی بارہا تردید کی ہے۔





