بھارت

بھارت: طلباء رہنما کا اسرائیل کے ساتھ نئی دہلی کے بڑھتے ہوئے تزویراتی تعلقات پر سوال

نئی دہلی:بھارت کی طلباء رہنما اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن(اے آئی ایس اے)کی صدر نیہا بورا نے اسرائیل کے ساتھ بھارت کی بڑھتی ہوئی تزویراتی شراکت داری پر سوال اٹھاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تل ابیب کے ساتھ قریبی تعلقات فلسطینیوں کے حقوق اور آزاد خارجہ پالیسی کے لئے نئی دہلی کے عزم پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیہا بورا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں فلسطین کو مشترکہ انسانیت کا کڑا امتحان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سامراجیت کے حوالے سے بھارت کی تاریخی مخالفت کے پیش نظر فلسطینی معاشرے کی تباہی پر خاموشی یا غیرجانبداری کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔نیہا بورا نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ)لبریشن کے جنرل سیکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ کا ایک بیان بھی شیئر کیا۔
بھٹاچاریہ نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت اسرائیل کے ساتھ قریبی تزویراتی تعلقات برقرار رکھتے ہوئے آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہ سکتا ہے؟بھٹاچاریہ نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ بھارت کے تعلقات کا جائزہ غزہ میں اس کی فوجی کارروائیوں اور فلسطینی علاقوں پر مسلسل قبضے کے تناظر میں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ اپنا سفارتی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے جنگی جرائم کے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کرے۔انہوں نے اسرائیل کے ساتھ بھارت کے دفاعی تعاون، کارپوریٹ شراکت داریوں اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان میں اڈانی گروپ سے منسلک کاروباری مفادات بھی شامل ہیں۔
یہ بیانات اسرائیل سے متعلق بھارتی خارجہ پالیسی پر جاری بحث کے دوران سامنے آئے ہیں۔ نئی دہلی نے تل ابیب کے ساتھ قریبی دفاعی اور اقتصادی تعاون برقرار رکھا ہوا ہے۔ تاہم، بھارت سرکاری طور پر دو ریاستی حل اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔حالیہ برسوں میں اسرائیل کے ساتھ بھارت کے تعلقات دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں وسیع ہوئے ہیں۔نیہا بورا اور دیپانکر بھٹاچاریہ کے بیانات نے اسرائیل کے ساتھ بھارت کی تزویراتی شراکت داری اور فلسطینیوں کے حقوق سے متعلق اس کے موقف میں تضادات کے حوالے سے ایک بارپھرسوالات کھڑے کئے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button