مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہمیں یورپی یونین سے کافی توقعات ہیں، علی رضا سید
اسلام آباد 22 مارچ (کے ایم ایس)
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہمیں یورپی یونین سے کافی توقعات ہیں اور ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں کو مختلف یورپی فورموں پر اجاگر کرتے رہتے ہیں۔
علی رضا سید نے اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں بین الاقوامی سیاست کے اسکالرز کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں کشمیرنسل ای یو کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ یورپی پارلیمنٹ میں سالانہ کشمیرای یو ویک، متعدد سیمینارز، کانفرنسیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مظاہرے اور کشمیری ثقافتی نمائش اور ایک ملین دستخطی مہم یورپ میں کشمیرکونسل ای یو کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔یورپی یونین کے انسانی حقوق کے معیارات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کثیرالجہتی فورمز میں اپنی شرکت کے ذریعے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انصاف کو فروغ دیتی ہے اور ساتھ ہی دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ اپنے بین الاقوامی معاہدوں میں انسانی حقوق پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اپنے بیرونی تعلقات میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور ہمیں امید ہے کہ یورپی یونین جموں و کشمیر کے عوام کے انسانی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ علی رضا سید نے واضح کیاکہ یورپی یونین اپنی تمام پالیسیوں اور پروگراموں میں انسانی حقوق کے خدشات کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کرتی ہے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مخصوص اقدامات کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی، جمہوریت اور انسانی حقوق کا احترام، بنیادی آزادیوں اور قانون کی حکمرانی یورپی یونین کے بنیادی اصول ہیں اور ہم یہی چاہتے ہیں کہ انسانی حقوق سے متعلق یہی اصول کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے اپنائے جائیں۔