بی جے پی کے پاس انتشار اور نفرت پھیلانے کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں
نئی دلی14 ستمبر (کے ایم ایس )
بھارت میں کانگریس پارٹی نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کوحالیہ متازعہ بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی کے پاس انتشار اور نفرت پھیلانے کے سوا کوئی ایجنڈہ نہیں ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان گورو ولبھ نے ایک بیان میں یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے کانگریس پر دہشت گردی شرو ع کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ گاندھی جی کو قتل کرنے والا نتھو رام گوڈسے بھارت کا پہلا دہشت گرد ہے ۔کانگریس کے ترجمان کوشی نگر میں گزشتہ روز ایک اجتماع سے خطاب کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ کے اس الزام کا جواب دے رہے تھے جس میںانہوںنے کہا تھا کہ عوام کو 2017 سے قبل اس طرح راشن نہیں مل رہا تھا جیسے اب مل رہا ہے ۔ کیونکہ تب وہ لوگ جو ”ابا جان ” کہتے ہیں وہی راشن ہڑپ لیتے تھے اور کوشی نگر کیلئے جاری کیا گیا راشن نیپال اور بنگلہ دیش کو بھیج دیا جاتا تھا ۔ گوروولبھ نے کہا کہ آدتیہ ناتھ نے ”ابا جان ” اور ”بھائی جان ” کہتے ہوئے اقتدار حاصل کیا اور اب ”شمشان گھاٹ اور قبرستان ”کہتے ہوئے انتشار اور نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں۔