مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مزید دو کشمیری نوجوان شہید
سرینگر07جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
فوجیوں نے نوجوانوں کوضلع کے علاقے کھاندی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔علاقے میں مزید بھارتی فوجیوں کو روانہ کیا گیا اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائی آخری اطلاعات آنے تک جاری تھی ۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔اس سے قبل بھارتی فوجیوں نے گزشتہ شب ضلع بارہمولہ کے علاقے زلورہ میں محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کردیا تھا۔
ادھر بھارتی فوجیوں نے ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اور بڈگام کے اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ارشاد احمد اور محمد یوسف سمیت متعدد نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کالے قانون کے تحت گرفتار کیا۔ کئی نوجوانوں کوپولیس اسٹیشنوں اورفوجی کیمپوں میں بھی طلب کیا گیا۔ شوپیاں کے علاقے پتی توہالن میں بھارتی فوج اور پولیس نے محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران چار نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
دریں اثنا پولیس نے ضلع ڈوڈہ میں لارڈ وسوکی ناگ مندر میں مبینہ طورپرتوڑ پھوڑ کے سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پولیس کی ایک ٹیم کو علاقے میں بھیج دیاگیا ہے ۔