سعودی جید علما کی طرف سے بی جے پی رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت
ریاض 07جون (کے ایم ایس)
سعودی عرب کے جید علما کی کونسل نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کی طرف سے نبی آخر الزمان ۖکی شان میں گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کونسل آف سینئر اسکالرز کے جنرل سیکرٹریٹ کی طرف سے ریاض میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی ترجمان کی جانب سے پیغمبر اسلام ۖ کی شان میں توہین آمیز بیانات قابل مذمت ہیں۔ علما نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دنیا میں اپنے قول و عمل سے اس بات کو پھیلائیں کہ نبی ۖ کو پوری انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیاہے۔سعودی کونسل نے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی پیغمبر اسلام ۖسے متعلق توہین آمیز کلمات ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس سلسلے میں قرآن پاک کی آیات کا حوالہ بھی دیا گیا جن میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بلند مقام اور عظیم کردار کو بیان کیا گیا ہے۔