مقبوضہ جموں و کشمیر
بھارتی فوجیوں نے شوپیاں میں دو کشمیری نوجوان شہید کردیے
سرینگر15جون (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع شوپیاں میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کنجی کولر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا جس سے لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہوگئی۔ فوجیوںنے صحافیوںکو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔قابض حکام نے کنجی کولر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے تاکہ لوگوں کو موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرنے سے روکا جاسکے۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔