بھارتپاکستان

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مالی معاونت،منصوبہ بندی اور سرپرستی کرر ہا ہے

1اسلام آباد 15دسمبر (کے ایم ایس)
بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مالی معاونت، منصوبہ بندی اور سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان نے بار بار عالمی سطح پر ملک بھرمیں دہشت گردی کے حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی جانیوالی ایک رپورٹ کے مطابق آج پاکستان نے غیر ملکی سفارت کاروں کے ساتھ ایک ڈوزیئر شیئر کیا ہے جس میں 2021 میں جوہر ٹائون لاہور میں ہونے والے دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق جوہر ٹائون دھماکے کے علاوہ بھارت نے داسو اور گوادرمیں بھی دہشت گردی کے حملوں کے علاوہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے دہشت گردی کی دیگرکارروائیوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پشت پناہی میں دہشت گردوں نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے مارچ 2009میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر بھی حملہ کیاتھا۔ رپورٹ میںمزید کہا گیا ہے کہ یہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم کے لیے ایک پراکسی کے طور پر استعمال کررہا ہے ۔رپورٹ کے مطابق بھارتی جاسوس کمانڈرکلبھوشن یادیو پہلے ہی پاکستان میں را کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کر چکا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں میں بھارت ملوث ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی مالی معاونت اور سرپرستی کرکے بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایاجانا چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button